گھر میں آتشزدگی،میاں،بیوی جھلس کرجاں بحق

گھر میں آتشزدگی،میاں،بیوی جھلس کرجاں بحق

افسوسناک واقعہ نیوکراچی میں پیش آیا،بچے نانی کے گھر گئے ہوئے تھے میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑے رہتے تھے ،محلے داروں کا بیان

کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)نیو کراچی میں گھر میں آتشزدگی کے دوران شوہر اورجھلس کر جاں بحق ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح نیو کراچی سیکٹر الیون اے لالا گل پارک کے قریب مکان نمبر اے 14 میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی۔آگ کی اطلاع ملنے پر کے ایم سی فائر بریگیڈ کی ایک فائر ٹینڈر موقع پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کر دی، گھر میں آتشزدگی کے دوران40 سالہ ارشد جھلس کر جاں بحق جبکہ خاتون 36 سالہ شائستہ جھلس کر شدید زخمی ہو گئی جنہیں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔فائر بریگیڈ کے عملے نے کچھ دیر میں گھر میں لگی آگ پر قابو پا لیا۔ اس دوران آتشزدگی میں گھریلو سامان خاکستر ہوگیا۔بعد ازاں جھلس کر زخمی ہونے والی خاتون بھی دورانِ علاج دم توڑ گئی۔سرسید پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آتشزدگی کے وقت بچوں کی موجودگی گھر میں نہیں تھی کیونکہ وہ اپنی نانی کے گھر گئے ہوئے تھے ۔ محلے داروں نے پولیس کو بتایا کہ میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑے رہتے تھے ۔پولیس حکام کے مطابق آتشزدگی کے بعد زخمی حالت میں خاتون شائستہ نے چوکیدار کو بتایا تھا کہ اس کے شوہر نے گھر میں آگ لگائی۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔فی الحال یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ شوہر نے بیوی کو آگ لگائی یا یہ خودکشی کا واقعہ تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں