قربانی ایثار اور تقوی کا درس دیتی ہے ، حنیف طیب
کراچی(این این آئی)نظام مصطفی پارٹی کے چیئرمین حنیف طیب نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر ادا کی جانے والی قربانی سنتِ ابراہیمی ہے۔
آج کل عیدالاضحی کے موقع پر جانوروں کی قربانی جیسی مقدس عبادت کو محض نام و نمود اور دکھاوے کے لیے انجام دیا جا رہا ہے ، حالانکہ اللہ تعالی کی بارگاہ میں ریاکاری اور نمود سخت ناپسندیدہ عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کو قربانی کے گوشت یا خون کی حاجت نہیں بلکہ وہ بندے کی نیت، تقوی اور پرہیزگاری کو قبول فرماتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قربانی کا مقصد صرف جانور ذبح کرنا نہیں بلکہ یہ عبادت انسان کو ایثار، مروت، قربانی اور اللہ تعالی کی راہ میں اپنی محبوب ترین چیز نچھاور کرنے کا درس دیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کا گوشت مستحق، غریب، نادار اور سفید پوش افراد تک پہنچانا اسلامی تعلیمات کا اہم تقاضا ہے ۔