پولیس اور 4رکنی ڈکیت گینگ میں مقابلہ ،ایک ملزم گرفتار
تین ساتھی فرار ، 11چھینے ہوئے موبائل فونز،پستول، موٹرسائیکل برآمد زخمی ملزم اسپتال منتقل ، سابقہ مجرمانہ ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے ،ایسٹ پولیس
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 4 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایسٹ شاہراہِ فیصل میں ناتھا خان پل کے قریب پولیس اور چار رکنی ڈکیت گینگ کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، ترجمان ضلع ایسٹ پولیس کے مطابق دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ ترجمان کے مطابق گرفتار زخمی ملزم کی شناخت محمد کامران کے نام سے کی گئی ہے ، جس کے قبضے سے 11 چھینے ہوئے موبائل فونز، ایک پستول، ایمونیشن اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔ زخمی ملزم کو فوری طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ فرار ملزمان کی تلاش کیلئے کارروائی جاری ہے ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے جبکہ ضابطے کی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ دوسری جانب تین ہٹی ندی کنارے کے قریب بھی پولیس مقابلے میں 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلئے گئے ریسکیو حکام کے مطابق زخمی ملزمان کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں ملزموں کی شناخت 20 سالہ انس ولد فضل واحد اور 18 سالہ احسن ولد اعجاز کے ناموں سے ہوئی ہے ۔ ادھر بلوچ کالونی میں شاہراہ بھٹو کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک اور ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ایدھی حکام کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت 45 سالہ الطاف حسین ولد قاسم کے نام سے کی گئی۔