مویشی منڈی میں انتظامات ماضی سے بہتر،صوبائی ترجمان

مویشی منڈی میں انتظامات ماضی سے بہتر،صوبائی ترجمان

بیوپاری اور خریدار مطمئن ،مویشی منڈی منی پاکستان کا منظر پیش کررہی ہےمویشی منڈی لگنے سے ملک میں معیشت کا پہیہ چلتا ہے سعدیہ جاویدکی گفتگو

کراچی (اے پی پی)سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کا دورہ کیا اور وہاں کیے گئے انتظامات کو گزشتہ سالوں کے مقابلے میں بہتر قرار دیا ۔ میڈیا سیل میں صحافیوں اور منڈی انتظامیہ سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید کا کہنا تھا کہ ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی منی پاکستان کا منظر پیش کر رہی ہے ، خوبصورت اور نایاب نسل کے جانور لائے گئے ہیں جو مختلف بلاکس کی رونق بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی نسبت اس بار انتظامات بہت زیادہ مثالی ہیں جس پر بیوپاری حضرات اور خریدار دونوں مکمل مطمئن دکھائی دے رہے ہیں، سعدیہ جاوید نے مویشی منڈی کے تجارتی پہلو پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مویشی منڈی کے لگنے سے ملک میں ایک بڑے بزنس یعنی معیشت کا پہیہ چلتا ہے جس سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے ۔ انہوں نے انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیوپاریوں اور خریداروں کو تمام ممکن سہولیات فراہم کی گئی ہیں، مویشی منڈی انتظامیہ کی درخواست پر تمام بینکوں نے خریداروں کو نقد رقم کی منتقلی اور ادائیگیوں میں پریشانی سے بچانے کے لیے مویشی منڈی کے اندر ہی اے ٹی ایم کی سہولیات فراہم کر دی ہیں جو کہ بہترین اقدام ہے ۔ فوڈ سٹریٹ کا ذکر کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ یوں لگتا ہے جیسے پورا کراچی اور یہاں کا روایتی کھانا عوام دوست منڈی کی فوڈ سٹریٹ میں سما گیا ہے ، منی کراچی اس وقت فوڈ سٹریٹ میں موجود ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ کراچی والوں کے لیے یہ شاندار موقع ہے کہ وہ فیملیز کے ساتھ مویشی منڈی آئیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں