ٹریلر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوارجاں بحق
حادثے میں دو نوجوان زخمی بھی ہوئے ،ڈرائیورفرار،کلینرزیرحراست شیر شاہ میں تیز رفتار کوسٹر بے قابو ہوکر الٹ گئی، خواتین سمیت 11 زخمی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سپر ہائی وے ایم نائن پر ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق جبکہ دو نوجوان زخمی ہو گئے ،ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ تیز رفتار ٹریلر کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں تینوں نوجوان شدید زخمی ہوئے ۔ پولیس کے مطابق جاں بحق نوجوان کی شناخت قدرت اللہ کے نام سے ہوئی ہے ، جبکہ زخمیوں کی شناخت اشرف علی اور تاج محمد کے نام سے کی گئی ہے ۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا ذمہ دار ٹرالر مویشی منڈی جا رہا تھا۔ حادثے کے بعد ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، تاہم پولیس نے کلینر محمد وقاص کو حراست میں لے لیا ہے ۔علاوہ ازیں شیر شاہ کے علاقے میں ڈالڈا کمپنی کے قریب تیز رفتار مسافر کوسٹر بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے ٹکرا کر الٹ گئی، حادثے کے نتیجے میں خواتین سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے ۔ ایدھی حکام کے مطابق حادثے میں ابتدائی طور پر 7 افراد زخمی حالت میں اسپتال منتقل کئے گئے تاہم بعد ازاں مزید زخمیوں کو اسپتال منتقل کیے جانے کے بعد زخمیوں کی مجموعی تعداد 11 ہوگئی۔ زخمیوں میں 5 خواتین اور 6 مرد شامل ہیں جبکہ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار کوسٹر میں سوار افراد بلدیہ سے شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد لیاری واپس جا رہے تھے ۔