لانڈھی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں لنڈا فیکٹری میں آتشزدگی
گراؤنڈ پلس تھری عمارت میں اچانک لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے دوسری اور تیسری منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا آتشزدگی کے باعث علاقے میں خوف و ہراس ، کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا، جانی نقصان نہیں ہوا
کراچی(این این آئی)لانڈھی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں قائم ایک لنڈا فیکٹری میں لگنے والی خوفناک آگ پر فائر بریگیڈ اور ریسکیو اداروں نے کئی گھنٹوں کی مسلسل جدوجہد کے بعد قابو پا لیا۔ آتشزدگی کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ فیکٹری سے اٹھنے والے دھوئیں کے بادل دور دور تک دیکھے گئے ۔تفصیلات کے مطابق سکھن تھانے کی حدود میں واقع لانڈھی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کی گراؤنڈ پلس تھری عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دوسری اور تیسری منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ زیادہ تر لنڈا کے گٹھوں اور آتش گیر سامان میں لگی، جس کے باعث شعلے تیزی سے پھیلتے گئے ۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی فیکٹری کو فوری طور پر خالی کرا لیا گیا جبکہ نچلی منزلوں پر موجود قیمتی سامان اور مشینری کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے ۔
اطلاع پرکے ایم سی اور ریسکیو1122کے فائر بریگیڈ عملے نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ آگ کی شدت کے پیش نظر مزید فائر ٹینڈر، بازر اور دو اسنارکل بھی طلب کیے گئے تاکہ بلند منزلوں تک رسائی حاصل کی جا سکے ۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع دوپہر تقریبا سوا دو بجے موصول ہوئی تھی۔ تنگ راستوں اور شدید گرمی کے باعث امدادی ٹیموں کو کارروائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم عملے نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا۔ابتدائی طور پر دوسری منزل پر لگی آگ پر قابو پا لیا گیا تھا، تاہم تیسری منزل تک رسائی نہ ہونے کے باعث مشکلات پیش آئیں۔ بعد ازاں اسنارکل کی مدد سے بالائی منزل تک پہنچ کر آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم فیکٹری کے اندر موجود سامان کو بھاری نقصان پہنچا ہے ۔ آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔