ملزمان چھالیہ کی پکڑی گئی گاڑی پولیس سے چھین کر فرار

ملزمان چھالیہ کی پکڑی گئی گاڑی پولیس سے چھین کر فرار

اعلیٰ حکام کے احکامات پر ابراہیم حیدری تھانے میں 2 الگ الگ مقدمات درج نامعلوم افراد میں سے کچھ نے کوسٹ گارڈ کی وردی پہن رکھی تھی،مقدمے کامتن

کراچی(این این آئی)ابراہیم حیدری میں نامعلوم افراد پولیس کی تحویل سے چھالیہ سے بھری گاڑی چھین کر فرار ہوگئے ۔پولیس اور مسلح افراد کے درمیان جھگڑے اور پولیس کی تحویل سے چھالیہ سے بھری گاڑی چھیننے کے واقعے پر اعلیٰ حکام کے احکامات پر ابراہیم حیدری تھانے میں 2 الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔پہلا مقدمہ سب انسپکٹر عبدالقادر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے ۔ مقدمے کے متن کے مطابق مخبر کی جانب سے اطلاع ملی تھی کہ ایک سلور رنگ کی گاڑی میں چھالیہ اسمگل کی جا رہی ہے ۔ پولیس نے جب گاڑی کو روکا تو اس میں سوار ڈرائیور نے اپنا نام اسماعیل اور اس کے ساتھی نے عرفان بتایا، تلاشی کی کارروائی کے دوران اچانک 14 سے 15 نامعلوم افراد ڈبل کیبن گاڑی پر وہاں پہنچے ۔مدعی مقدمہ کے مطابق ان نامعلوم افراد میں سے کچھ نے کوسٹ گارڈ کی وردی پہن رکھی تھی۔ ان افراد نے پولیس پارٹی کے ساتھ ہاتھا پائی کی اور زبردستی چھالیہ سے بھری گاڑی چھین کر فرار ہو گئے ۔ نامعلوم افراد کار کے ڈرائیور اسماعیل کو بھی اپنے ہمراہ لے گئے ، تاہم پولیس نے ڈرائیور کے ساتھی عرفان کو گرفتار کر لیا۔دوسرا مقدمہ گرفتار ملزم عرفان کی نشاندہی پر گٹکا برآمد ہونے پر درج کیا گیا۔ متن کے مطابق ملزم عرفان کی نشاندہی پر پولیس پارٹی نئی آبادی پہنچی، گھر کی تلاشی لینے پر وہاں سے بھاری مواد برآمد ہوا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں