غیر قانونی واٹر کنکشنز کے خلاف مشترکہ آپریشن
سہراب گوٹھ ، سائٹ، سپر ہائی وے، معمار ایونیو اور احسن آباد میں کارروائیلائن پر قائم دو غیر قانونی کنکشنز منقطع ،پلگز کے ذریعے مکمل طور پر سیل کردیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر )شہر میں پانی کا بحران شدت اختیار کرنے پر پانی چور مافیا کے خلاف کاروائی شروع کردی گئی ۔ پیر کوپاکستان رینجرز اور واٹر کارپوریشن کی جانب سے ضلع شرقی میں غیر قانونی واٹر کنکشنز کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا گیا ۔ صبح سے شام تک کئی گھنٹے تک جاری آپریشن کے دوران سہراب گوٹھ ، سائٹ سپر ہائی وے معمار ایونیو اور احسن آباد میں غیر قانونی پانی کے کنکشنز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ۔ کراچی واٹر کارپورشن حکام کے مطابق آپریشن کے دوران 84 انچ قطر کی K-III مین لائن پر قائم دو غیر قانونی 2 انچ اور 3 انچ کے کنکشنز منقطع کرکے لکڑی کے پلگز کے ذریعے مکمل طور پر سیل کر دیے گئے ۔ جبکہ سائٹ سپر ہائی وے فیز 2، اسکیم 33 میں واقع خالی صنعتی پلاٹ (F-164/165) کے اندر قائم غیر قانونی پمپنگ اسٹیشن اور اس کے تقسیمی نیٹ ورک کو مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا۔ آپریشن کے دوران افروز ٹیکسٹائل کا قانونی کنکشن بھی 38.9 ملین روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر K-III مین لائن سے منقطع کر دیا گیا۔ جبکہ غیر قانونی پمپنگ اسٹیشن کے مالکان ابرار، نظر ولد خان بہادر، اور امام ولد خان بہادر کے خلاف کراچی واٹر کارپوریشن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ ضبط شدہ سامان میں سکشن پمپ ،دو الیکٹرک پینلز اور مختلف سائز کے پائپ شامل ہیں ۔