فیصل آباد کی 400 ہنر مند خواتین کو ٹیکسٹائل انڈسٹری میں ملازمت کے لیٹرز تقسیم
تقریب کے دوران ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر مبنی ڈاکومنٹری بھی پیش ، شی تھریڈز پروگرام کے تحت مختصر مدت میں 10 ہزار خواتین کو ہنر مند بنا کر روزگار فراہم کیا گیا : سلمی ٰ سعدیہ تیمور
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دیہی خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے ویژن کے تحت ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیراہتمام فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی 400 ہنرمند خواتین میں مختلف صنعتوں کے اپوائنٹمنٹ لیٹرز تقسیم کر دیئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق نصرت فتح علی خان آڈیٹوریم پنجاب کونسل آف آرٹس میں منعقدہ تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی رانا احمد شہریار، پارلیمانی سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ سلمی ٰ سعدیہ تیمور، سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب ثمن رائے اور کمشنرمسرت جبیں نے شرکت کی۔ تقریب میں ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کے نمائندگان بھی موجود تھے ۔تقریب کے دوران ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر مبنی ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری سلمیٰ سعدیہ تیمور نے کہا کہ شی تھریڈز پروگرام کے تحت مختصر مدت میں 10 ہزار خواتین کو ہنر مند بنا کر روزگار فراہم کیا گیا ہے ، اور 400 خواتین کو روزگار ملنا دراصل 400خاندانوں کی کفالت کے مترادف ہے ۔