دادو:ایمرجنسی سروسز آپریشنل بیس، 1122 ایمبولینس سروس کاافتتاح
جدید ٹراما سینٹر اور ایئر ایمبولینس سروس کااعلان، ضلع میں صحت سہولتیں مستحکم ہونگیعوام کوبروقت طبی امداد، مریضوں کی فوری منتقلی کی سہولت میسر آئیگی، رفیق جمالی
دادو (ڈسٹرکٹ ڈیسک)محکمہ صحت حکومتِ سندھ کے مرکزی ادارہ برائے ہنگامی طبی خدمات نے ضلع دادو میں اپنی نئی ایمرجنسی سروسز آپریشنل بیس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، جبکہ شہید مخدوم بلاول ہیلتھ یونٹ پر 1122 ایمرجنسی ایمبولینس سروس کا بھی آغاز کر دیا گیا۔ اس موقع پر جدید ٹراما سینٹر کا سنگِ بنیاد رکھا گیا، جس سے ضلع میں صحت کی سہولیات مزید مستحکم ہونگی۔ نئی ایمبولینس سروس کے ذریعے میہڑ، خیرپور ناتھن شاہ، دادو، جوہی، کاچھو اور دیگر دور دراز شہروں اور دیہات کے عوام کو بروقت طبی امداد اور مریضوں کی فوری منتقلی کی سہولت میسر آئیگی۔ افتتاحی تقریب میں پیپلز پارٹی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری اور رکنِ قومی اسمبلی سردار رفیق احمد جمالی اور ادارے کے سی ای او بریگیڈیئر (ر) طارق قادر نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب میں سردار رفیق احمد جمالی نے کہا کہ دادو میں ایمرجنسی سروسز آپریشنل بیس اور 1122 ایمبولینس سروس کا قیام ضلع کیلئے ایک تاریخی سنگِ میل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری کے صحت سب کیلئے وژن کے تحت دادو میں عوامی فلاح کے متعدد منصوبوں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے کاچھو، کچے اور پہاڑی علاقوں سمیت دور دراز آبادیوں کو جدید طبی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آئیں گی، جبکہ مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہونگے۔