کراچی پھر پانی کی بوند بوند کو ترس گیا،مرکزی کمیٹی
منصوبے کے تحت ہائیڈرینٹ مافیا اور ٹینکر مافیا کی بھینٹ چڑھا دیا گیا شہری پہلے ہی کے الیکٹرک کی جان لیوا لوڈ شیڈنگ کے کوڑے کھا رہا ہے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مرکزی کمیٹی نے بہادرآباد مرکز سے جاری بیان میں کہا ہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کے الیکٹرک کے پاور شٹ ڈاؤن اور اس کے نتیجے میں بیک پریشر سے لائن پھٹنے کے باعث کراچی ایک بار پھر پانی کی بوند بوند کو ترس گیا ہے ، تپتی گرمی میں کروڑوں گیلن پانی کی سپلائی معطل ہونے سے شہر میں ہاہاکار مچ گئی ہے اور واٹر بورڈ کا پورا ترسیلی نظام دھڑام سے نیچے آ گرا ہے ۔ اراکینِ مرکزی کمیٹی نے کے الیکٹرک اور واٹر کارپوریشن کی بدترین کارکردگی اور ناہلی کو شہریوں کے خلاف معاشی و ذہنی جارحیت قرار دیتے ہوئے احتجاج اور سڑکوں پر آنے کی حتمی وارننگ دے دی ہے ، مرکزی کمیٹی نے اپنے بیان میں دونوں اداروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے چار کروڑ سے زائد عوام کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہائیڈرینٹ مافیا اور ٹینکر مافیا کی بھینٹ چڑھا دیا گیا ہے ،کراچی کا عام شہری پہلے ہی کے الیکٹرک کی جان لیوا لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی کے کوڑے کھا رہا ہے اوپر سے اب اس شدید ترین گرمی میں شہریوں کو پیاسا مارنے کا انتظام کر دیا گیا ہے ، کے الیکٹرک شہر سے ماہانہ اربوں روپے کے بل اور ٹیکس وصول کرتی ہے لیکن واٹر سپلائی کی سب سے بڑی تنصیب کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنے میں ہمیشہ ناکام رہتی ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک اور واٹر کارپوریشن کے اعلیٰ حکام کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے ۔