تیز دھار آلے کے وار سے میاں بیوی شدید زخمی

تیز دھار آلے کے وار سے میاں بیوی شدید زخمی

زخمی خاتون کے پہلے شوہر کا انتقال ہوگیا تھا ،دوسری شادی کی تھیعادل نے جائیداد کے حوالے سے دھمکیاں دی تھیں،اہل محلہ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)اورنگی ٹاؤن میں واقع گھر میں تیز دھار آلے کے وار سے میاں بیوی شدید زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق اقبال مارکیٹ تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ رحمانیہ مسجد کے قریب گلی نمبر 10 میں واقع گھر میں تیز دھار آلے کے وار سے میاں بیوی شدید زخمی ہوگئے جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔زخمی میاں کی شناخت 50 سالہ مرشد ولد جلال خان اور بیوی کی فیروزہ زوجہ مرشد کے نام سے کی گئی۔اقبال مارکیٹ پولیس نے بتایاکہ زخمی میاں بیوی کے گھر میں رنگ کا کام ہو رہا ہے اور صبح جب مزدور رنگ کرنے کے لیے ان کے گھر پہنچا اور دروازے پر دستک دی تو کسی نے دروازہ نہیں کھولا جس پر مزدور نے دروازے سے جھانک کر دیکھا تو خاتون گھر میں زخمی حالت میں موجود تھی جس پر مزدور نے اہل علاقہ اور زخمی خاتون کے بیٹے شکیل کو اطلاع کی اور پھر انہوں نے واقعے کے متعلق پولیس کو اطلاع دی۔پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی خاتون کے ایک ساتھ تین مکان ہیں اور زخمی خاتون کے پہلے شوہر کا پانچ سال قبل انتقال ہوگیا تھا جس کے بعد خاتون نے مرشد نامی شخص شادی کی تھی جبکہ انٹیلی جنس معلومات کے مطابق خاتون کی مرشد نامی شخص سے تیسری شادی ہے اور اہل محلہ نے بتایا کہ زخمی میاں بیوی کو کسی عادل نامی شخص نے جائیداد کے حوالے سے دھمکیاں بھی دی تھیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران واقعہ جائیداد کا تنازع معلوم ہوتا ہے تاہم زخمی میاں بیوی کے بیانات ریکارڈ کرنے کے بعد صورتحال واضع ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں