قابض میئرحقائق مسخ کر رہے ہیں،یوسی چیئرمین
عوام پیپلزپارٹی کی بلدیاتی کارکردگی عذاب صورت بھگت رہے ہیں ٗدعووں اور زمینی حقائق میں زمین اور آسمان کا فرق ہے ، مشترکہ ردعمل
کراچی (این این آئی)جماعت اسلامی کراچی کے منتخب 85یوسی چیئرمینوں نے قابض میئر مرتضیٰ وہاب کی پریس کانفرنس پر مشترکہ ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ قابض میئر مرتضیٰ وہاب اپنی مسلسل ناکامیوں، ناقص کارکردگی اور شہری مسائل کے حل میں بدترین ناکامی پر پردہ ڈالنے کے لیے حقائق کو مسخ کرنے اور الزام تراشی کی سیاست کر رہے ہیں۔ کراچی کے عوام گزشتہ تین برس سے پیپلزپارٹی کی بلدیاتی کارکردگی کا مشاہدہ کر رہے ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ دعووں اور زمینی حقائق میں کتنا بڑا فرق موجود ہے ۔عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر کے مختلف علاقوں سے آلائشوں، کچرے اور گندگی کی متعدد شکایات موصول ہوتی رہیں جبکہ مختلف ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر عید کے چوتھے دن تک آلائشوں اور کچرے کے ڈھیروں کی تصاویر اور رپورٹس نشر ہوتی رہیں۔ اگر انتظامات واقعی مثالی تھے تو پھر شہر کے مختلف علاقوں کے عوام شکایات کیوں کرتے رہے ؟ حقیقت یہ ہے کہ کراچی صرف عید کے دنوں میں ہی نہیں بلکہ پورا سال کچرے کے ڈھیروں، ٹوٹی سڑکوں، سیوریج کے مسائل اور پانی کی قلت کا شکار رہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صفائی کے مثالی انتظامات کے دعوے اور پھر خود ہی کمی بیشی کا اعتراف کرنا واضح تضاد ہے ۔ کراچی کے عوام اب بیانات اور اشتہاری مہمات سے متاثر نہیں ہوں گے بلکہ عملی نتائج چاہتے ہیں۔ کراچی کے عوام کو الزام تراشی، سیاسی تماشوں اور پریس کانفرنسوں کی نہیں بلکہ پانی، سڑکوں، سیوریج، ٹرانسپورٹ، صفائی اور دیگر بنیادی مسائل کے حل کی ضرورت ہے ۔