میاں بیوی پر تشدد کے ملزمان پولیس مقابلے میں گرفتار
میاں بیوی پر تشدد کے ملزمان پولیس مقابلے میں گرفتارملزمان کے خلاف ڈکیتی، اسلحہ اور موٹرسائیکل چوری کے مقدمات ہیں
کراچی(اسٹاف رپورٹر)میاں اور بیوی پر بہیمانہ تشدد کرنے والے ملزمان پولیس مقابلے کے دوران اقبال مارکیٹ پولیس نے گرفتار کرلئے ۔ پولیس کے مطابق دو روز قبل ولایت علی کالونی میں گھر کے اندر میاں بیوی کو تیز دھار آلے اور پتھر کے وار کرکے شدید زخمی کیا گیا تھا۔زخمیوں کی شناخت 45 سالہ فوزیہ زوجہ مرشد اور 50 سالہ مرشد ولد جلال خان کے نام سے ہوئی تھی۔پولیس نے رات گئے مقابلے کے بعد ملزم سہیل عرف اسلم کو زخمی حالت میں جبکہ اکرم عرف لنگڑا کو بلا ضرب گرفتار کرلیا۔ملزمان عادی جرائم پیشہ ور ہیں، جن کے خلاف پہلے بھی ڈکیتی، اسلحہ اور موٹرسائیکل چوری کے مقدمات درج ہیں۔ملزمان کے زیراستعمال برآمدہ موبائل فون اور موٹرسائیکل بھی اسلحہ کے زور پر چھینی گئی ہیں۔مضروبہ نے کچھ عرصہ قبل اپنا مکان ملزم اکرم کو کرائے پر دیا تھا، کرائے اور یوٹیلیٹی بلوں کی ادائیگی پر تنازع چل رہا تھا۔خاتون نے مکان خالی کروانے اور بقایا جات کی وصولی تک کرائے دار کا سامان گھر میں تالا لگا کر روک رکھا تھا اسی رنجش پر ملزم اکرم مشتعل ہوگیا اور اپنے بہنوئی سہیل عرف اسلم کے ساتھ مل کر میاں بیوی پر حملہ آور ہوگیا۔ملزمان نے تیز دھار آلے اور پتھر کے وار کرکے دونوں میاں بیوی کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر جائے وقوعہ سے تشدد میں استعمال ہونے والا پتھر بھی برآمد کرلیا۔واقعے کا مقدمہ تھانہ اقبال مارکیٹ میں درج ہے ۔