حیدر آباد:صاحبزادہ زبیر کی کمشنر سے ملاقات، امن وامان پرگفتگو

حیدر آباد:صاحبزادہ زبیر کی کمشنر سے ملاقات، امن وامان پرگفتگو

عالمی حالات کے تناظر میں فرقہ وارانہ کشیدگی کی سازش ہورہی، جے یوپی سربراہتحفظات دور کرنے کی یقین دہانی، سازشوں کا مل کرمقابلہ کریں گے ، فیاض عباسی

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)جمعیت علما پاکستان و ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کی قیادت میں جمعیت علما پاکستان کے ایک اعلی سطحی وفد نے کمشنر فیاض حسین عباسی سے ملاقات کی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کمشنر کو آگاہ کیا کہ عالمی حالات کے تناظر میں محرم الحرام کے مقدس مہینے کے تقدس کو پامال کرنے اور ملک میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ بعض شرپسند عناصر مذہبی جذبات کو بھڑکا کر فرقہ واریت کی آگ کو ہوا دینا چاہتے ہیں، جس کا بروقت سدباب نہایت ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے مختلف شہروں میں پیش آنے والے بعض واقعات نے عوام میں تشویش پیدا کی ہے ، جبکہ بعض مقامات پر پولیس کی جانب سے چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرنے والے اقدامات بھی مزید اشتعال اور بے چینی کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ ایسے اقدامات سے گریز کرے جن سے عوامی جذبات مجروح ہوں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دانشمندی، تحمل اور غیر جانبداری کا مظاہرہ کریں۔کمشنر فیاض حسین عباسی نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں گے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے والی سازشوں کا ملکر مقابلہ کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کی جانب سے ملک میں امن، اتحاد اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کیلئے کی جانیوالی کوششیں قابلِ قدر ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں