شہید بینظیر بھٹو کی سیاسی جدوجہد آج بھی مشعل راہ، ارسلان شیخ

شہید بینظیر بھٹو کی سیاسی جدوجہد آج بھی مشعل راہ، ارسلان شیخ

معاشی خودمختاری، عوامی فلاح و بہبود،نوجوانوں کے بااختیار مستقبل کی داعی تھیںمحترمہ شہید ایک عظیم قومی رہنما تھیں ، میئر سکھر،سالگرہ پر خراج عقیدت پیش

سکھر (بیورو رپورٹ) بلدیہ اعلیٰ سکھر کے میئر اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید ایک عظیم قومی رہنما تھیں جنہوں نے پاکستان کو جدید، ترقی پسند اور ڈیجیٹل دور سے روشناس کرایا اور جمہوریت، عوامی خدمت اور ترقی کی نئی راہیں متعین کیں۔ اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ شہید محترمہ نے بلدیاتی اداروں کو مضبوط بنانے اور اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے کی بنیاد رکھی، جس کے ثمرات آج بھی ملک بھر بالخصوص سندھ کے عوام حاصل کر رہے ہیں، شہید نے اپنے دور حکومت میں پاور پلانٹس، اسپتالوں اور جامعات کے قیام کے ذریعے ملک کی ترقی کو نئی سمت دی اور نوجوان نسل کے لیے روزگار اور اعلیٰ تعلیم کے مساوی مواقع کی راہ ہموار کی، ان کا وژن صرف سیاست تک محدود نہیں تھا بلکہ وہ معاشی خودمختاری، عوامی فلاح و بہبود اور خواتین و نوجوانوں کے بااختیار مستقبل کی داعی تھیں،ان کی سیاسی جدوجہد آج بھی عوام کے لیے مشعل راہ ہے ۔ ارسلان شیخ کا کہنا تھا چیئرمین بلاول بھٹو کی صورت میں ملک کو بینظیر بھٹو شہید کی عالمی سوچ، بصیرت اور عوام دوست قیادت کا تسلسل میسر ہے ، جو پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور جمہوری استحکام کی جانب لے جانے کے لیے سرگرم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنان قائد عوام شہید ذوالفقار بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے مشن، نظریے اور عوامی خدمت کے سفر کو پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھاتے رہیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں