وزیرآباد :عزادار وں کو سہولیات کیلئے میڈیکل کیمپ قائم
مرکزی ماتمی جلوسوں کے ساتھ بھی خصوصی طبی ٹیمیں تعینات کی جائیں گی
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ گوجرانوالہ ڈاکٹر عمر شریف راٹھور نے محرم الحرام کے انتظامات اور طبی سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے سول ہسپتال وزیرآباد اور شہر کی مختلف امام بارگاہوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نعیم اللہ گھمن اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر محسن بھی ہمراہ تھے ،ڈاکٹر عمر شریف راٹھور نے سول ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور علاج معالجے کے معیار کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں سی ای او ہیلتھ نے امام بارگاہ مہاجرین اور امام بارگاہ قاضی غالب علی شاہ کے باہر محکمہ صحت کی جانب سے قائم کیے گئے میڈیکل سٹالز اور کیمپس کا معائنہ کیا۔
عمر شریف راٹھور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق محرم الحرام کے دوران عزادار وں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے جامع اور مؤثر انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت نہ صرف مجالس کے مقامات پر میڈیکل کیمپس قائم کر رہا ہے بلکہ 6، 7 اور 10 محرم الحرام کے مرکزی اور روایتی و غیر روایتی ماتمی جلوسوں کے ساتھ بھی خصوصی طبی ٹیمیں تعینات کی جائیں گی انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت کے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور ریسکیو ٹیمیں ہمہ وقت الرٹ رہیں گی تاکہ زنجیر زنی کرنے والے ماتمی افراد اور جلوسوں میں شریک عزادار وں کو کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔