ڈسکہ :مجالس ،جلوسوں کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات
ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے ہمہ وقت الرٹ ہیں:اے سی
ڈسکہ (نمائندہ دنیا )محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے پرامن انعقاد اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ آفس میں اہم اجلاس منعقد ہواجس میں ڈی ایس پی سرکل، پاک فوج اور رینجرز کے نمائندگان، مقامی صحافیوں اور انجمن تاجران کے عہدیدار ں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس، مجالس کے مقامات اور سکیورٹی کے امور کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سعدیہ جعفر نے کہا کہ محرم الحرام میں قیامِ امن اولین ترجیح ہے جس کیلئے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہمہ وقت الرٹ ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے ۔ ڈی ایس پی سرکل ڈسکہ خدا بخش نے سکیورٹی پلان پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سرکل بھر میں ٹوٹل 371 مجالس منعقد ہونگی جن میں 12اے کٹیگری 30بی کیٹگری 169سی کیٹگری کی ہونگی 64 جلوس نکالے جائیں گے جن میں8اے کیٹگری 8بی کیٹگری 35سی کیٹگری کے ہونگے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے 247 پولیس اہلکار تعینات ہونگے ، شہر بھر میں 8مقامات پر 29کیمرے لگائے گئے ہیں جن کا میونسپل آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔