نہروں، راجباہوں، نالوں میں نہانے کے واقعات سختی سے روکنے کا فیصلہ

نہروں، راجباہوں، نالوں میں نہانے کے واقعات سختی سے روکنے کا فیصلہ

ضلعی انتظامیہ ایسے مقامات کی نگرانی کریں گے جہاں نہانے کے واقعات زیادہ رونما ہوتے ہیں،عوام، خصوصاً والدین بچوں کو نہروں اور دیگر خطرناک آبی مقامات پر نہانے سے روکیں ، ڈپٹی کمشنر

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ضلع بھر میں نہروں، راجباہوں، نالوں اور دیگر آبی ذخائر میں نہانے کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کے لیے انتظامیہ کی جانب سے اقدامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر میں نہروں، راجباہوں، نالوں اور دیگر آبی ذخائر میں نہانے کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی نگرانی ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور دفعہ 144 کے نفاذ پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ گرمی کی شدت کے باعث نوجوانوں اور بچوں کے نہروں میں نہانے کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے ، جس کے نتیجے میں ڈوبنے کے افسوسناک واقعات پیش آ رہے ہیں۔حسین احمد رضا چوہدری نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر ایسے مقامات کی نگرانی کریں گے جہاں نہانے کے واقعات زیادہ رونما ہوتے ہیں۔ انہوں نے عوام، خصوصاً والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو نہروں اور دیگر خطرناک آبی مقامات پر نہانے سے روکیں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں