گوالوں کی ہڑتال ، دودھ کی فراہمی بند: دکاندار اور شہری پریشان

 گوالوں کی ہڑتال ، دودھ کی فراہمی بند: دکاندار اور شہری پریشان

شہر میں غیر معیاری دودھ فروخت ہورہا ، اصل دکانیں بند ہیں ‘طویل عرصہ سے قیمتیں نہیں بڑھا ئی گئیں ‘انتظامیہ مطالبات تسلیم کرتی ریلیف نہیں دیا جا رہا :رہنما

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)حکومت کی جانب سے دودھ کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے پر گوجرانوالہ میں ہڑتال،گوالوں ، فارمرز نے دودھ کی سپلائی روک دی، دکاندار اور شہری دونوں ہی پریشان ہوگئے ،گوجرانوالہ پریس کلب میں ملک شاپس ایسوسی ایشن گوجرانوالہ کے عہدیدار وں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ دودھ فروشوں اور فارمرز کے جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم کئے جائیں بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے ،ملک شاپس ایسوسی ایشن کے صدر زاہد بٹ، محمد اعجاز المعروف جج ، خالد عرف کاکا گجر، عمران اور منظور مہر نے میڈیا سے بات کرتے کہنا تھا کہ گوجرانوالہ میں شہر میں غیر معیاری دودھ فروخت ہورہا ہے اصل دکانیں بند ہیں۔

کیونکہ دودھ کی قیمتوں میں طویل عرصے سے اضافہ نہیں کیا گیا جبکہ چارے ، چوکر، کھل، ادویات، ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات کئی گنا بڑھ چکے ہیں، رہنماؤں نے بتایا کہ فارمرز اور دودھ فروشوں نے متعدد بار متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ سے مذاکرات کئے ، حکام نے مطالبات کو جائز قرار دیا لیکن عملی طور پر کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، اس صورتحال کے باعث فارمرز نے احتجاجاً دودھ کی سپلائی بند کر دی جبکہ متعدد ملک شاپس بھی بند رہیں، پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ اس شعبے سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے ، موجودہ حالات میں دودھ فروش شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں اور ان کیلئے کاروبار جاری رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں