مرکزی مسلم لیگ کامہنگائی مخالف تحریک تیز کرنے کا فیصلہ
حکمران عوامی مسائل اور ناانصافیوں کا احساس کرنے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیںپٹرولیم قیمتوں میں کمی عوامی دباؤ کی جیت، جدوجہد جاری رکھیں گے ،فیصل ندیم
کراچی(این این آئی)مرکزی مسلم لیگ ہاؤس میں مہنگائی کے خلاف جاری تحریک کے حوالے سے اہم تنظیمی اجلاس منعقد ہواجس میں سندھ بھر کے ڈویژنل، ضلعی اور علاقائی ذمہ داران نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت صوبہ سندھ کے صدر فیصل ندیم نے کی۔اس دوران کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں مہنگائی کے خلاف دیے گئے کامیاب دھرنوں پر ذمہ داران کو مبارکباد پیش کی گئی اور انہیں عوامی جدوجہد کا مؤثر اظہار قرار دیا گیا۔اس موقع پر فیصل ندیم نے کہا کہ جن حکمرانوں کو شاہراہ قائدین چند گھنٹے بند ہونے پر تکلیف ہوتی ہے ، انہیں چار سال سے یونیورسٹی روڈ کی بندش پر عوام کی اذیت کا کوئی احساس نہیں۔
کراچی کو ترقیاتی منصوبوں کے نام پر ادھیڑ کر رکھ دیا گیا جبکہ پورے سندھ کے ساتھ ناانصافی اور نااہلی پر مبنی سلوک روا رکھا جا رہا ہے ۔مرکزی مسلم لیگ عوامی حقوق کے استحصال کو مزید برداشت نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی مخالف تحریک اور عوامی دھرنوں کے نتیجے میں حکمرانوں کو پٹرول کی قیمتوں میں کمی کرنا پڑی، جو عوامی دبا ؤکی واضح کامیابی ہے ۔مرکزی مسلم لیگ اس پیش رفت پر اکتفا نہیں کرے گی بلکہ مہنگائی کے خاتمے کیلئے اپنی جدوجہد کو مزید تیز کرے گی۔ اجلاس میں مہنگائی کے خلاف جاری تحریک کے آئندہ لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت بھی کی گئی ۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ عوامی مسائل کے حل اور مہنگائی کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائینگے ۔