سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی جناح اسپتال کیلئے امداد
مریضوں کی سہولت کیلئے طبی آلات اور امدادی سامان فراہم کیا گیا عوامی خدمت سیاسی نہیں، فلاحی مشن ہے ، چیئرمین قائمہ کمیٹی خزانہ
کراچی (سٹی ڈیسک )سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کے چیئرمین، سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے پیر کوپی ای آئی کے تعاون سے جناح اسپتال کراچی کی انتظامیہ کے حوالے طبی و جراحی سامان، مریضوں کے بستروں اور دیگر ضروری آلات پر مشتمل ایک بڑی امداد فراہم کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے اب بھی سنگین چیلنجز سے دوچار ہیں۔ 50 اسکولوں کو بہتری اور موثر فعالیت کے لیے اختیار کیا ہے اور یہ منصوبہ اس وقت تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو تعاون اور معاونت کی ضرورت ہے ، اور ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے اس اقدام کو غربت کے خاتمے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی نوعیت کی کوششوں کا دائرہ بلوچستان تک بھی بڑھایا جائے گا۔سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ یہ اقدام سیاسی مفادات کے بجائے عوامی خدمت کی عکاسی کرتا ہے ۔قومی ترقی کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں اور عوام کو چاہیے کہ وہ صرف اداروں پر تنقید کرنے کے بجائے بہتری کے عمل میں اپنا کردار ادا کریں۔ایک سوال کے جواب میں چیئرمین نے کہا کہ عطیہ کیے گئے آلات کی شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے ان کے استعمال کی نگرانی بھی کی جائے گی۔