آئی جی سندھ کی زیرِ تربیت اے ایس پیز سے ملاقات
نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد، عوام دوست اور موثر پولیسنگ پر زور ٹیکنالوجی کا استعمال، کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دینا ناگزیر ،جاوید عالم اوڈھو
کراچی (این این آئی) انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو سے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں 10 زیرِ تربیت یو ٹی اے ایس اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (اے ایس پیز)نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سندھ، اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ اور اے آئی جی آپریشنز بھی موجود تھے ۔آئی جی سندھ نے نوجوان افسران کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت، دیانت داری، پیشہ ورانہ مہارت اور قانون کی بالادستی کو ہر حال میں مقدم رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کا وقار، نظم و ضبط اور عوامی اعتماد افسران کی بہترین کارکردگی سے مزید مستحکم ہوگا اور نوجوان افسران پر لازم ہے کہ وہ محکمانہ ذمہ داریوں کو پوری دیانت اور جذبے کے ساتھ انجام دیں۔آئی جی سندھ نے سول سروس کے بنیادی رہنما اصولوں، پیشہ ورانہ اخلاقیات اور عوام دوست طرزِ عمل پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی کے استعمال، کمیونٹی پولیسنگ اور موثر نگرانی کے نظام کو فروغ دینا ناگزیر ہے ۔انہوں نے افسران کے ساتھ فیلڈ میں درپیش چیلنجز اور موثر پولیسنگ سے متعلق اپنا عملی تجربہ بھی شیئر کیا اور ہدایت کی کہ ہر افسر اپنے متعلقہ ضلع میں بہترین ٹیم ورک، شفاف طرزِ حکمرانی اور موثر نگرانی کو یقینی بنائے ۔