بی آئی ایس پی بینظیر بھٹو کے وژن کا دیرپا عکس ، آصفہ بھٹو
خواتین کو معاشی اور سماجی زندگی میں بھرپور حصہ لینے کے قابل بناتے ہیں 2008 سے اب تک ہزاروں مستحق افراد کی مدد کر چکے ،خاتون اول کو بریفنگ
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شہیدکے وژن کا دیرپا عکس ہے ، سماجی تحفظ کے موثر پروگرام خواتین کو معاشی اور سماجی زندگی میں بھرپور حصہ لینے کے قابل بناتے ہیں۔ بی آئی ایس پی کا مقصد معاشرے کے کمزور طبقات کو مدد اور مواقع فراہم کرنا ہے ،شفافیت، مالیاتی شمولیت اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لیے جاری اصلاحات لائق تحسین ہیں۔ خاتونِ اول نے کہا کہ سماجی تحفظ کے موثرپروگرام خواتین کو معاشی اور سماجی زندگی میں بھرپور حصہ لینے کے قابل بناتے ہیں۔
اس موقع پر بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن روبینہ خالدنے کہا کہ بی آئی ایس پی 2008 میں قائم ہوا،بی آئی ایس پی اب صرف نقد امداد تک محدود نہیں بلکہ ایک مربوط، ڈیجیٹل اور بااختیار نظام بن رہا ہے ۔ خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ روبینہ خالد اور سیکرٹری عامر علی احمد کی خاتونِ اول سے ملاقات میں خاتونِ اول آصفہ بھٹو کو پروگرام کی ترقی، جاری اصلاحات اور مستحق خاندانوں پر اثرات سے آگاہ کیا گیااوربتایا گیا کہ مالی سال 2025-26 کے لیے بی آئی ایس پی کا بجٹ 716 ارب روپے مختص کیا گیا،آئندہ مالی سال 2026-27 کے لیے بی آئی ایس پی کا مجوزہ بجٹ 844 ارب روپے رکھا گیا ہے ۔