پرتگال کے سرمایہ کار وفد کی ہاؤسنگ اتھارٹی کے سینئر افسران سے ملاقات
اتھارٹی کے مختلف منصوبوں بارے بریفنگ ،مستقبل میں سرمایہ کاری ،تعاون بڑھانے کا عزم
اسلام آباد(دنیا رپورٹ ) پرتگال سے آئے ہوئے سرمایہ کار وفد نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) کے سینئر افسران سے ملاقات کی۔جن میں چیف انجینئر حسن شاہ ،پروجیکٹ کوآرڈینیٹر لائف سٹائل ریزیڈنسی تنویر حیدر کھوکھراور اتھارٹی کے دیگر سینئر افسران شامل تھے ۔پر تگالی سرمایہ کار وفد میں محمد سہیل (ڈائریکٹر کمرشل، OLAE)، جوز پاولو اولیویرا (صدر،OLAE)، کارلوس میڈیروس (سینئر انٹرنیشنل کنسلٹنٹ، OLAE) اور سوینی فرنینڈس اولیویرا (لیگل مینجمنٹ اٹارنی) شامل تھے ۔
ملاقات کے دوران فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی اور پرتگالی وفد کے درمیان پاکستان کے ہاؤسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری، باہمی تعاون، جدید رہائشی منصوبوں اور مشترکہ کاروباری مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اتھارٹی کے جاری ترقیاتی منصوبوں، مستقبل کی حکمتِ عملی اور سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں وفد نے اتھارٹی کے افسران کے ہمراہ G-13 فائیو سٹار ہوٹل کے لیے مختص پلاٹ کا دورہ بھی کیا۔ وفد نے منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے اس میں سرمایہ کاری کے امکانات میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور اسے مستقبل میں باہمی تعاون کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔پرتگالی وفد نے اتھارٹی کی پیشہ ورانہ صلاحیت، ترقیاتی وڑن اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے ادارے کے ساتھ مستقبل میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔