ایف بی آر کی جانب سے فیصل آباد چیمبر میں ٹیکس آگاہی سیشن کا انعقاد
ریونیو جمع کرنے میں کردار،ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے اصلاحات بارے بریفنگ
اسلام آباد (دنیا رپورٹ )چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کی ہدایات اور ممبر ٹی پی ایس تہمینہ عامر کی نگرانی میں ایف بی آر کے ٹیکس پیئرز سروسز ونگ نے ٹیکس قوانین پر عملدرآمد کے فروغ اور ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے جاری آگاہی مہم کے تحت فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک ٹیکس آگاہی سیشن منعقد کیا۔ایف بی آر کا وفد سیکریٹری (ٹیکس ایجوکیشن اینڈ فیسیلیٹیشن) مطیع الرحمٰن ممتاز، اور سیکنڈ سیکرٹری (ٹیکس فیسیلیٹیشن) عبدالرحمٰن پر مشتمل تھا۔
اس سیشن میں ایف سی سی آئی کے صدر فاروق یوسف شیخ، سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ، نائب صدر انجینئر عاصم منیر اور فیصل ا?باد چیمبر کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے محمد مطیع الرحمٰن ممتاز نے ملک کے لئے ریونیو جمع کرنے میں ایف بی آر کے کردار کو اجاگر کیا اور شفافیت اور ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے متعارف کروائی گئی اہم اصلاحات پر روشنی ڈالی۔ پوائنٹ آف سیل انٹیگریشن ، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم ، ڈیجیٹل انوائسنگ ،فیس لیس کسٹمز سسٹم ، کارگو ٹریکنگ سسٹم اور اہم شعبوں میں پیداوار کی نگرانی کے لیے ویڈیو اینالیٹکس(Video Analytics) جیسے اہم اقدامات سے آگاہ کیا۔ عبدالرحمٰن نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے اور کمپلائنس کے طریقہ کار پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔