یکم جنوری سے راولپنڈی ڈویژن میں ڈینگی کے 2 کیسز رپورٹ
50 لاکھ 94ہزار 755گھروں کی چیکنگ،49ہزار 858مقامات پر ڈینگی برآمد صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے ،مون سون میں پانی رکنے نہ دیں ،کمشنر
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک کی زیر صدارت ڈینگی کی روک تھام اور انسدادی اقدامات کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ رواں سال یکم جنوری سے اب تک راولپنڈی ڈویژن میں ڈینگی کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ڈویژن بھر میں 50لاکھ 94ہزار 755 گھروں کی چیکنگ کی گئی جن میں 49 ہزار 858مقامات پر ڈینگی لاروا ملنے پر وہاں فوری انسدادی اقدامات کیے گئے ۔کمشنر نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں اور انسدادِ ڈینگی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے ۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے اور کسی بھی سطح پر غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ مون سون سیزن کے پیش نظر نشیبی علاقوں، خالی پلاٹس، زیر تعمیر عمارتوں، قبرستانوں، ٹائر شاپس، سکریپ یارڈز اور دیگر حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ کہیں بھی پانی جمع نہ ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے بعد کھڑے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے کیونکہ یہی ڈینگی مچھر کی افزائش کا بنیادی سبب بنتا ہے ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ عوامی آگاہی مہم کے سلسلے میں 1671 مساجد کو انسدادِ ڈینگی پیغامات کی تشہیر کے لیے متحرک کیا گیا ہے ۔