بہتر تعلیم کیلئے ڈیجیٹل نظام کو فروغ دے رہے ،گہنور لغاری
بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا بنیادی مقصد کامیابی مقصد اور مستقل مزاجی سے مشروط ہے ، ڈاکٹر زبیر شیخ ،ماجو میں کانفرنس
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی پہلی سالانہ جائزہ کانفرنس محمد علی جناح یونیورسٹی میں منعقد ہوئی، جس میں ادارے کی ایک سالہ کارکردگی، مختلف شعبوں کو دیے گئے اہداف، آئندہ مالی سال کی منصوبہ بندی اور تعلیمی ترقی کے لیے مستقبل کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر گہنورعلی لغاری نے کہا سندھ میں تعلیمی بہتری کے لیے ڈیجیٹل نظام کو فروغ دے رہے ہیں، بہتر منصوبہ بندی، مسلسل تربیت اور مؤثر جائزہ نظام کے ذریعے سندھ کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا بنیادی مقصد ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ادارہ صوبے بھر میں تعلیم کے فروغ کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہا ہے تاکہ ہر بچے کو بہتر تعلیمی مواقع میسر آسکیں۔گہنورعلی لغاری نے بتایا کہ سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ہزاروں اسکولوں کی معاونت کر رہا ہے ۔ ان اسکولوں میں طلبا کو مفت تعلیم، درسی کتب اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، جبکہ باصلاحیت اور مستحق طلبا کے لیے مختلف اسکالرشپ پروگرام بھی جاری ہیں۔محمد علی جناح یونیورسٹی کے صدر و وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر احمد شیخ نے کہا کہ کامیابی مقصد اور مستقل مزاجی سے مشروط ہے،انہوں نے سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور محمد علی جناح یونیورسٹی کے درمیان جاری تعاون کو خوش آئند قرار دیا۔