امریکی مصنوعات کی قیمتیں موزوں ہوں تو خرید سکتے ہیں: گورنر ایرانی مرکزی بینک
تہران: (دنیا نیوز) ایران کے مرکزی بینک کے گورنر نے کہا ہے کہ ایران امریکہ سے زرعی سامان خریدنے کا پابند نہیں تاہم اگر امریکی قیمتیں اور معیار دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ موزوں ہیں تو ہمیں امریکہ سے تجارت میں کوئی رکاوٹ نہیں۔
ایرانی مرکزی بینک کے گور عبدالنصر ہمتی نے یہ بھی کہا کہ ایران کی حالیہ زرعی خریداری میں امریکی اور یورپی یونین کی بڑی فرمیں معمول کے مطابق شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایران کے جو منجمد اثاثے بحال کیے جا رہے ہیں، وہ انہیں امریکہ سے خوراک خریدنے کے لیے استعمال کرے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوئٹزرلینڈ میں مذاکرات کے پہلے دور کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے کچھ منجمد اثاثے جاری کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ رقم خوراک کی خریداری کے لیے استعمال کی جانی ہے اور یہ خصوصی طور پر امریکہ اور امریکی کسانوں سے خریدی جائے گی۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے ساتھ تازہ ترین پیشرفت کے حصے کے طور پر امریکی کسانوں سے مکئی، سویابین اور دیگر زرعی مصنوعات خریدی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے کسان بہت خوش ہیں، مجھے بہت سی کالیں موصول ہوئی ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اس سے بہت خوش ہیں۔