روس یوکرین تنازع کے خاتمہ کیلئے مذاکراتی عمل بحال کیا جائے: پاکستان
نیویارک: (ویب ڈیسک) پاکستان نے روس یوکرین کے تنازع کے خاتمے کے لیے فوری جنگ بندی اور مذاکراتی عمل کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یوکرین کے معاملے پر سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کے نائب مستقل نمائندے اور سفیر عثمان جدون نے افسوس کا اظہار کیا کہ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے مثبت پیشرفت نہیں ہو رہی جس کی وجہ سے یہ تنازع مزید شدت اختیار کر رہا ہے۔
پاکستانی سفیر نے روشنی ڈالی کہ جنگ کی وجہ سے عام شہریوں اور شہری انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ رہا ہے، یوکرین تنازع کے حل کے لیے کشیدگی میں فوری کمی اور تعمیری سفارت کاری کی جائے۔
پاکستان یوکرین تنازع کے پرامن حل کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور ہر اس کوشش کی حمایت کرتا ہے جو اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور تمام فریقین کے جائز قومی سلامتی کے مفادات کو مدنظر رکھے۔