کرمنل کیسز کے چالان کی جانچ پڑتال کیلئے خصوصی سب کمیٹی قائم

کرمنل  کیسز  کے  چالان  کی  جانچ  پڑتال  کیلئے  خصوصی  سب  کمیٹی  قائم

کمیٹی کی سربراہی ڈی آئی جی کرائم اینڈ انویسٹی گیشن سندھ عامر فاروقی کریں گے،محکمہ قانون کانوٹیفکیشن جاری 10رکنی کمیٹی کیسز کے چالان کی پری ٹرائل اسکروٹنی کے لیے جامع طریقہ کار اور ایس او پیز مرتب کرے گی

 کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ حکومت نے کرمنل کیسز کی تفتیش اور مقدمات کے چالان کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے چالان کی جانچ پڑتال کے لیے خصوصی سب کمیٹی قائم کر دی ہے ۔ اس حوالے سے محکمہ قانون سندھ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کی سربراہی ڈی آئی جی کرائم اینڈ انویسٹی گیشن سندھ عامر فاروقی کریں گے جبکہ 10 رکنی کمیٹی میں مختلف قانون نافذ کرنے والے اور پراسیکیوشن اداروں کے سینئر افسران کو شامل کیا گیا ہے ۔کمیٹی کے اراکین میں ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ، اے آئی جی لیگل علی شیر جکھرانی، ڈائریکٹر لیگل اینٹی کرپشن محمد اشرف سومرو، ڈی جی نارکوٹکس ونگ، ایکسائز ڈپارٹمنٹ کے نمائندے اور پراسیکیوشن کے اعلیٰ افسران شامل ہیں۔حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کرمنل کیسز کے چالان کی پری ٹرائل اسکروٹنی کے لیے جامع طریقہ کار اور ایس او پیز مرتب کرے گی تاکہ عدالتوں میں پیش کیے جانے والے مقدمات کو مزید مضبوط اور موثر بنایا جا سکے ۔کمیٹی کو یہ ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے کہ وہ فوجداری مقدمات میں درپیش قانونی اور انتظامی رکاوٹوں کی نشاندہی کرے اور ان کے حل کے لیے سفارشات مرتب کرکے حکومت کو رپورٹ پیش کرے ۔حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد تفتیشی عمل، چالان کی تیاری اور پراسیکیوشن کے نظام کو مزید موثر بنانا ہے تاکہ مقدمات کے فیصلوں میں غیر ضروری تاخیر اور تکنیکی خامیوں کو کم کیا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں