ایل پی جی مافیا بے لگام،مقررہ قیمت306 روپے کلو،420تک فروخت:شہری پریشان
من مانے نرخ اورگیس لوڈ شیڈنگ کے باعث گھریلو صارفین،رکشا مالکان اور دیہاڑی دار طبقہ شدید پریشانی کا شکار، چولہے ٹھنڈے ،انتظامیہ خاموش تماشائی ہے ،عوامی ردعمل
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)کی جانب سے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد منافع خور مافیا نے عوام کو لوٹنا شروع کر دیا۔ اوگرا نے ایل پی جی کی نئی سرکاری قیمت 306 روپے 76 پیسے فی کلو مقرر کی تھی، تاہم دکانداروں اور منافع خوروں نے گیس 400 روپے فی کلو سے بھی زائد میں فروخت کرنا شروع کر دی، جس سے غریب اور متوسط طبقے پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھ گیا ہے ۔ملک بھر بالخصوص کراچی میں ایک طرف سوئی گیس کی شدید لوڈ شیڈنگ جاری ہے تو دوسری طرف بازاروں میں سرکاری قیمت پر ایل پی جی کی عدم فراہمی نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے ۔گیس کی لوڈ شیڈنگ اور مہنگی ایل پی جی کے باعث گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ رکشا مالکان اور دیہاڑی دار طبقہ بھی شدید پریشانی کا شکار ہے ، جن کا کہنا ہے کہ کرایوں اور ایندھن کی قیمتوں میں بے قابو اضافے نے ان کے چولہے ٹھنڈے کر دیے ہیں۔سوشل میڈیا پر صارفین اور عام شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مارکیٹ میں ایندھن کی قیمتوں میں ناجائز اضافے اور کھلم کھلا منافع خوری کے باوجود انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔شہریوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے ایل پی جی کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ فوری واپس لیا جائے اور بازاروں میں سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد کروانے کے لیے پرائس کنٹرول کمیٹیوں اور نگرانی کا ایک مؤثر نظام تشکیل دیا جائے ۔