ڈاکوؤں سے ضلعی پولیس کے 21مقابلے ، 3ملزم ہلاک ، 34گرفتار
ملزمان سے 28مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ اور 10موٹر سائیکلیں برآمد ،منشیات بھی ضبط
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کے احکامات کے مدنظر پولیس کی انسداد جرائم کے خلاف کامیاب کارروائیاں جاری ہیں،گزشتہ ہفتے کے دوران شہر میں انسداد جرائم کے دوران ڈاکوؤں سے ضلعی پولیس کے 21 مقابلے ہوئے ، فائرنگ کے تبادلے میں 03 ملزم ہلاک 22 زخمی ڈاکوؤں سمیت 34 ملزمان کو گرفتارکیا گیا، گرفتار ملزمان سے 28 مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ اور 10 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔پولیس نے گزشتہ ہفتے کے دوران کراچی کے ایسٹ، ویسٹ اور ساؤتھ زونز میں مجموعی طور پر 738 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا۔
پولیس کی جانب سے منشیات کیخلاف جاری مہم اور پولیس مقابلوں کے دوران مختلف علاقوں سے لاکھوں روپے مالیت کی 17 کلو 681 گرام چرس، 02 کلو 59 گرام آئس/کرسٹال برآمد کی گئی۔گرفتار ملزمان سے شہریوں سے لوٹ مار اور دیگر وارداتوں میں استعمال شدہ 100 سے زائد مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن برآمد کیا گیا۔کراچی پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر چھینی و چوری شدہ 32 موٹرسائیکلیں اور 01 بڑی گاڑی برآمد کی۔کراچی پولیس کی جانب سے جرائم کے خاتمے ، امن وامان کی بحالی اور عوام کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات جاری رہیں گے۔