میرپور خاص:فہمیدہ کیس میں رپورٹ جمع کرانے کیلئے مہلت طلب

میرپور خاص:فہمیدہ کیس میں رپورٹ جمع کرانے کیلئے مہلت طلب

عدالت نے مقتولہ کے والد اور بہن کادفعہ 164 کے تحت بیان قلمبند کرلیا ہمارا خاندان انصاف کا منتظر، شفاف تفتیش کی توقع، بہن فہمیدہ لغاری، گفتگو

میرپور خاص (بیورو رپورٹ)میڈیکل کی طالبہ ڈاکٹر فہمیدہ لغاری کی مبینہ خودکشی اور ہراسانی سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی، عدالت نے مقتولہ کے والد اور بہن کا دفعہ 164 کے تحت بیان قلمبند کرلیا جبکہ کیس کی مزید سماعت 8 جولائی تک ملتوی کردی۔ تفصیلات کے مطابق میرپورخاص میں ہراسانی کے باعث مبینہ طور پر خودکشی کرنے والی میڈیکل کی طالبہ ڈاکٹر فہمیدہ لغاری کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ و فیملی کورٹ میں ہوئی اس موقع پر گرفتار ملزم عابد لغاری جبکہ ضمانت پر رہا نجی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ظفر تنویر، ڈاکٹر فرزانہ، میڈیکل کے طالب علم عبدالرحمن اور عبداللہ عدالت میں پیش ہوئے دورانِ سماعت عدالت نے ڈاکٹر فہمیدہ لغاری کے والد اور بہن مہک لغاری کے دفعہ 164 کے تحت بیانات قلمبند کیے تفتیشی افسر کامران ہالیپوٹو نے تکنیکی بنیادوں پر تفتیشی رپورٹ جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کی جس پر عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 8 جولائی تک ملتوی کردی۔ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فہمیدہ لغاری کی بہن مہک لغاری نے کہا کہ انکا خاندان انصاف کا منتظر ہے اور انہیں امید ہے کہ تفتیش شفاف انداز میں مکمل کرکے واقعے میں ملوث تمام ذمہ دار افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں