جھڈو:مٹھڑاؤ کینال کی ٹیل میں پانی کی شدید قلت برقرار

جھڈو:مٹھڑاؤ کینال کی ٹیل میں پانی کی شدید قلت برقرار

شاخوں کوہفتے بعد پانی فراہم، پہلے ہی کم رقبے پرکاشت مرچ ودیگر فصلیں متاثرڈائریکٹ واٹر کورسوں پربھی وارہ بندی جاری، پانی چوری پرکسانوں کا احتجاج

جھڈو (نمائندہ دنیا)مٹھڑاؤ کینال کی ٹیل فضل بھنبھرو اور جمڑاؤ کینال کی ٹیل کوٹ غلام محمد سب ڈویژن میں پانی کی شدید قلت برقرار ہے ، جسکے ان علاقوں میں پہلے ہی مرچ اور کپاس جیسی اہم فصلیں کم رقبے پر کاشت کی گئی ہیں وہ بھی پانی کی قلت کا شکار ہوکر شدید متاثر ہورہی ہیں مٹھڑاؤ کینال کی ٹیل کی شاخوں کو ہفتے بعد پانی فراہم کیا جارہا ہے جبکہ ڈائریکٹ واٹر کورسوں پر بھی وارہ بندی کی جارہی ہے ، مٹھڑاؤ کینال سے نکلنے والی شاخوں اور ڈائریکٹ واٹر کورسوں پر پانی کی چوری بھی بڑھتی جارہی ہے ، جمڑاؤ کینال کی ٹیل کئی ماہ سے پانی کی کمی کا شکار ہے ، آبادگاروں کے شدید احتجاج،دھرنے ہڑتال کے باوجود جمڑاؤ کینال کی ٹیل میں پانی نہیں پہنچ رہا۔

آبادگاروں کے مطابق جمڑاؤ کینال کی ٹیل بگی مائنر کی 8 ہزار ایکڑ زرعی رقبے میں سے صرف 8 سو ایکڑ پر فصلیں کاشت کی گئی ہیں اور وہ بھی پانی کی کمی کا شکار ہوکر تباہ ہورہی ہیں، آبادگاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ مٹھڑاؤ اور جمڑاؤ کینال میں پانی کی قلت نہیں، نارا کینال میں 12 ہزار کیوسک پانی چل رہا ہے لیکن غیر منصفانہ تقسیم سے ٹیل میں قلت ہے جمڑاؤ اور مٹھڑاؤ کینال پر بڑے ، بااثر اور سیاسی وابستگی والے آبادگاروں کو پانی میسر ہے ، وہ جتنا چاہیں پانی حاصل کرسکتے ہیں، جبکہ ٹیل کے آبادگاروں کو انکے جائز اور قانونی حصے کا پانی بھی نہیں مل رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں