خانپور مہر:واٹر کورس میں ڈوب کر2کمسن بچیاں جاں بحق

خانپور مہر:واٹر کورس میں ڈوب کر2کمسن بچیاں جاں بحق

اہل خانہ دھان کی فصل لگا رہے تھے ، بچیاں کھیلتے ہوئے گریں، علاقے میں سوگمحراب پور، شہداد پور، سکھر میں حادثات وواقعات نے 3افراد کی جانیں لے لیں

خان پورمہر، اندرون سندھ (نمائندگان) خانپور مہر میں 2کمسن بچیاں واٹر کورس میں گر کر جاں بحق ہوگئیں، جبکہ دیگر شہروں میں بھی حادثات واقعات نے 3 جانیں لے لیں۔ خان پورمہر میں گاؤں اسماعیل پتافی کے نزدیک واٹر کورس میں ڈوب کر 2 بچیاں جاں بحق ہوگئیں۔ اختیار پتافی اور عبدالمالک پتافی کے خاندان دھان کی فصل لگانے گئے ہوئے تھے ، جہاں واٹر کورس کے قریب کھیلتے ہوئے 10 سالہ اجوا دختر اختیار پتافی اور 8 سالہ صبانی دختر عبدالمالک پتافی اچانک گر کر ڈوب گئیں۔ معصوم بچیوں کی المناک موت پر پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گیا۔

محراب پور میں درس قومی شاہراہ پر لنجار ہاؤس کے پاس کراچی سے بہاولنگر جانے والی کار نمبر بی ای ٹی 377 دوسری گاڑی کو اوور ٹیک کرتے ہوئے الٹ گئی، حادثے میں افتخار احمد موقع پر جاں بحق اور شاہد عمران زخمی ہوگیا، پولیس کے مطابق زخمی کو اسپتال منتقل کر دیا ہے۔ شہدادپور میں بھٹے پر چلنے والی ٹریکٹر ٹرالی اچانک لڑکے پر چڑھ گئی، جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ حادثے کی خبر ملتے ہی علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ متوفی کے گھر میں کہرام مچ گیا۔ ورثاء نے الزام عائد کیا کہ بھٹوں پر ٹریکٹر ٹرالیوں کی لاپروا ڈرائیونگ اور کم عمر لڑکوں سے گاڑیاں چلوانے کے باعث ایسے حادثات معمول بن چکے ہیں۔ سکھر کے قریب پٹنی تھانے کی حدود ٹنڈو بھوڑہ میں بند ہوٹل سے نامعلوم شخص کی لاش ملی، ورثا نہ ملنے کی وجہ سے لاش تدفین کے لئے ایدھی سینٹر سکھر کے حوالے کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں