خاتون کی ہلاکت،ٹرک مالک کی ضمانت بعد ازگرفتاری

خاتون کی ہلاکت،ٹرک مالک کی ضمانت بعد ازگرفتاری

ایک لاکھ روپے کے مچلکے اور اسی مالیت کے ذاتی مچلکے جمع کرانے کا حکم مشرق سینٹر کے قریب دو ٹرکوں اورموٹر سائیکل کے درمیان حادثہ پیش آیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گلشن اقبال میں ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار خاتون کی ہلاکت کے مقدمے میں عدالت نے ایک ٹرک کے مالک کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرلی۔ جسٹس عمر سیال نے ملزم عصمت اللہ کی درخواستِ ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکے اور اسی مالیت کے ذاتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔پراسیکیوشن کے مطابق 26 اپریل 2026 کو نیو ٹاؤن کے علاقے میں مشرق سینٹر کے قریب دو ٹرکوں اور ایک موٹر سائیکل کے درمیان حادثہ پیش آیا، جس میں موٹر سائیکل پر اپنے شوہر محمد اسماعیل کے ہمراہ سوار 47 سالہ رضیہ اسماعیل جاں بحق ہوگئی تھیں۔

واقعے کا مقدمہ نیو ٹاؤن تھانے میں درج کیا گیا تھا۔ عدالت کے روبرو وکیلِ ملزم نے مؤقف اختیار کیا کہ جس ٹرک نے موٹر سائیکل کو براہِ راست ٹکر ماری وہ ٹرک نمبر JU-6094 تھا، جبکہ عصمت اللہ صرف دوسرے ٹرک JU-3699 کے مالک ہیں، جسے اس وقت ڈرائیور مطیع اللہ چلا رہا تھا۔ عدالت نے قرار دیا کہ ریکارڈ پر فی الحال ایسا کوئی ثبوت موجود نہیں جس سے ثابت ہو کہ عصمت اللہ اپنے ٹرک کے ڈرائیور کے عمل کے لیے قانونی طور پر ذمہ دار ہیں۔ مزید یہ کہ مذکورہ ڈرائیور کے پاس درست ڈرائیونگ لائسنس بھی موجود تھا۔ عدالت نے آبزرویشن دی کہ موجودہ مرحلے پر ملزم عصمت اللہ کے خلاف معاملہ مزید تفتیش کا بنتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں