مون سون سے قبل اسلامیہ کالج نالے کی صفائی کا مطالبہ

مون سون سے قبل اسلامیہ کالج نالے کی صفائی کا مطالبہ

چیئرمین جناح ٹاؤن کادورہ،اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب و مرمت کے احکاماتسرکاری عمارت واگزار کراکے آئی ٹی پارک قائم کیا جائے ،رضوان عبدالسمیع

کراچی(این این آئی)چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبدالسمیع نے مون سون بارشوں کے پیشِ نظر یو سی 04 کی منتخب قیادت کے ہمراہ جگر مرادآبادی روڈ پر واقع اسلامیہ کالج نالے کا تفصیلی دورہ کیا اور نالے کی فوری صفائی کیلئے متعلقہ اداروں سے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا۔رضوان عبدالسمیع نے اس موقع پر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب و مرمت کے فوری احکامات جاری کیے ۔انہوں نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد اور میونسپل کمشنر کراچی سے مطالبہ کیا کہ اسلامیہ کالج سے صفیہ خانم اسپتال، سولجر بازار اور گرو مندر کی جانب جانے والے اس اہم نالے کی فوری صفائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ بارشوں کے دوران عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

رضوان عبدالسمیع نے کہا کہ وہ اس معاملے پر بی آر ٹی انتظامیہ سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے نالے کی بروقت صفائی ممکن بنائی جا سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو جناح ٹاؤن اپنے وسائل اور فنڈز سے بھی اس کام میں بھرپور کردار ادا کرے گا ۔دورے کے دوران انہوں نے علامہ اقبال پبلک لائبریری کے قریب واقع سابق ایچ بی ایل بینک کی سرکاری عمارت کے نجی استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس عمارت کو عوامی مفاد میں واپس لے کر یہاں آئی ٹی لائبریری، آئی ٹی پارک یا کسی تعلیمی و فلاحی منصوبے کا آغاز کیا جائے تاکہ نوجوانوں کو جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں