چرس برآمدگی کیس میں عدم شواہدپر چار ملزمان بری کرنے کا حکم

چرس برآمدگی کیس میں عدم شواہدپر چار ملزمان بری کرنے کا حکم

ملزمان کسی دوسرے مقدمے میں مطلوب نہیں تو انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے ،عدالت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے 20 کلو چرس برآمدگی کے مقدمے میں عدم شواہد کی بنیاد پر چار ملزمان کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ استغاثہ ملزمان کے خلاف الزامات شک سے بالاتر ہو کر ثابت کرنے میں ناکام رہا، لہٰذا ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کیا جاتا ہے ۔ بری ہونے والے ملزمان میں شیر زمان، گلاب خان، ثاقب اور عبدالرؤف شامل ہیں۔ عدالت نے جیل حکام کو حکم دیا کہ اگر ملزمان کسی دوسرے مقدمے میں مطلوب نہیں تو انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے ۔

استغاثہ کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے نومبر 2025 میں فریئر تھانے کی حدود سے ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔ پراسیکیوشن کا مؤقف تھا کہ ملزمان کے قبضے سے چار بیگز میں مجموعی طور پر 20 کلو چرس برآمد ہوئی تھی۔ دوران سماعت وکیلِ صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان بے گناہ ہیں اور پولیس نے انہیں جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا۔ وکیل کے مطابق استغاثہ کے گواہوں کے بیانات میں نمایاں تضاد موجود ہے ، جس کے باعث مقدمہ قابلِ اعتبار نہیں رہا۔ عدالت نے استغاثہ کے شواہد کا جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ ملزمان کے خلاف جرم ثابت نہیں ہو سکا، اس لیے انہیں بری کیا جاتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں