میرپور خاص:زیادتی کی شکار بچی کاطبی معائنہ، بیان بھی ریکارڈ
عامل راموں کولہی نے کزن، اسکے ساتھی نے میرے ساتھ زیادتی کی،دھنیابتدائی طبی رپورٹ میں متاثرہ بچیوں کو نشہ آور شربت پلانے کی تصدیق ہوگئی
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)کوٹ غلام کے گاؤں واگھریجی میں دو کم عمر بچیوں سے مبینہ زیادتی کے کیس کی تحقیقات جاری ہیں، پولیس نے حیدرآباد کے اسپتال میں زیرِ علاج 13 سالہ متاثرہ بچی دھنی کولہی کو میڈیکل معائنے کے لیے تعلقہ اسپتال کوٹ غلام محمد منتقل کیا، جہاں لیڈی ڈاکٹر نے اس کا طبی معائنہ کیا، بعد ازاں پولیس نے متاثرہ بچی کا بیان بھی ریکارڈ کیا، متاثرہ بچی دھنی کولہی نے اپنے بیان میں بتایا کہ مبینہ عامل رامون کولہی نے اس کی کزن پریمی کولہی جبکہ اسکے ساتھی کانجی کولہی نے اس سے زیادتی کی پولیس کے مطابق ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ دونوں بچیوں کو شربت میں نشہ آور یا زہریلی دوا ملا کر پلائی گئی، اسی واقعے کے نتیجے میں پریمی کولہی ہلاک اور دھنی کولہی کی حالت بگڑ گئی۔
اس موقع پر متاثرہ بچی کے والد گودو کولہی نے الزام عائد کیا کہ راموں کولہی اور اس کے ساتھی کانجی کولہی نے ان کی بیٹی دھنی کولہی اور بھتیجی پریمی کولہی کو شربت میں بے ہوشی کی گولیاں ملا کر پلائیں اور بعد ازاں ان کے ساتھ مبینہ زیادتی کی، انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے نتیجے میں ان کی بھتیجی پریمی کولہی ہلاک اور بیٹی اب بھی حیدرآباد میں زیرِ علاج ہے گودو کولہی نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دے کر متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش مختلف پہلوؤں سے جاری ہے جبکہ میڈیکل، ڈی این اے اور دیگر فرانزک شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی کی جائیگی۔