ڈاکو گھر سے کروڑوں روپے کا سونا چاندی اور دیگر سامان لوٹ کر فرار
اسلحے کے زور پر گھر والوں کو یرغمال بنا کر واردات،مقدمہ درج،وزیرداخلہ کانوٹس،رپورٹ طلب
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد کے علاقے گڈاپ ٹاؤن میں ڈکیتی کی بڑی واردات کے دوران ڈاکو گھر سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا چاندی، قیمتی گھڑیاں اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے ۔اہلِ خانہ کی جانب سے پولیس کو دیے گئے بیان کے مطابق ڈاکو گھر سے 175 تولے سونا، 300 تولے چاندی لوٹ کر لے گئے ۔اہلِ خانہ نے بتایا ہے کہ ڈاکو لیپ ٹاپ، گھڑیاں اور بچوں کا سامان تک اپنے ہمراہ لے گئے ۔پولیس کے مطابق اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ 8 ملزمان 4 موٹر سائیکلوں پر آئے تھے ، ڈاکووں نے اسلحے کے زور پر گھر والوں کو یرغمال بنا کر واردات کی۔وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے گڈاپ سٹی میں ڈکیتی کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ملیر سے رپورٹ فوری طلب کر لی۔
وزیرِ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ ڈاکوؤں کو جلد گرفتار کیا جائے ، لوٹا ہوا سامان برآمد کیا جائے ۔ علاوہ ازیں ڈکیتی کی بڑی واردات کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ایف آئی آر میں 170 سے 200 تولے سونا اور 250 سے 300 تولے چاندی کے علاوہ 25 لاکھ روپے کیش، پرائز بانڈز اور موبائل فونز سمیت دیگر قیمتی سامان لوٹے کی جانے کی تفصیل درج ہے ۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments