صالح پٹ کے ریگستانی ودیہی علاقوں میں صحت سہولیات کافقدان
گیسٹرو کے مرض میں اضافہ، مریض روہڑی، سکھر کے اسپتالوں میں جانے پرمجبور
روہڑی(نمائندہ دنیا)روہڑی کے نواح صالح پٹ اور اس سے ملحقہ ریگستانی و دیہی علاقوں میں صحت کی بنیادی سہولیات کی کمی ایک سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہے ، حالیہ دنوں مختلف دیہات، خصوصاً صالح پٹ سے تقریباً 35 کلومیٹر دور واقع بستیوں میں گیسٹرو کے متعدد کیسز سامنے آئے ، اطلاعات کے مطابق بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت درجنوں افراد گیسٹرو میں مبتلا ہوئے جبکہ مقامی سطح پر دستیاب طبی سہولیات محدود ہونے کے باعث مریضوں کے علاج میں دشواریاں پیش آئیں، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ریگستانی بستیوں میں مستقل طبی مراکز،ادویات،ایمبولینس سروس اور تربیت یافتہ طبی عملہ نہ ہونے کے برابر ہے جس سے معمولی بیماری بھی سنگین صورت اختیار کر لیتی ہے ۔ بیشتر مریضوں کو طویل اور دشوار سفر طے کرکے روہڑی اور سکھر کے اسپتالوں تک پہنچنا پڑتا ہے۔
جس سے وقت ضائع ہونے کے ساتھ مالی مشکلات بھی بڑھ جاتی ہیں مقامی افراد نے نشاندہی کی کہ صحت کے ساتھ ساتھ تعلیم،سڑکوں اور دیگر بنیادی انفرا اسٹرکچر کے شعبوں میں بھی مزید توجہ کی ضرورت ہے ان کا مؤقف ہے کہ دور افتادہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت اور متعلقہ اداروں کی آئینی و انتظامی ذمہ داری ہے تاکہ شہریوں کو علاج، تعلیم اور سفری سہولتیں ان کی دہلیز پر میسر آ سکیں شہریوں نے محکمہ صحت،ضلعی انتظامیہ اور حلقے سے منتخب عوامی نمائندوں سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ علاقوں میں فوری طبی کیمپ بنائے جائیں ادویات اور صاف پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments