دنیا میں پائیدار امن بلاامتیاز اور مساوی انصاف کے بغیر ممکن نہیں، گورنر
کراچی (آئی این پی)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے بین الاقوامی یومِ انصاف کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دنیا میں پائیدار امن کا قیام بلاامتیاز اور مساوی انصاف کے بغیر ممکن نہیں۔
انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طاقتور اور کمزور کے لیے الگ الگ انصاف کا نظام عالمی ضمیر پر ایک بڑا سوالیہ نشان اور باعثِ تشویش ہے ۔ پاکستان عالمی امن، انسانی حقوق کے تحفظ اور بین الاقوامی قوانین کی بالادستی کے لیے اپنا مثبت اور مؤثر کردار ہمیشہ کی طرح جاری رکھے گا۔گورنر سندھ نے عالمی سطح پر جاری ناانصافیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے سنگین مظالم عالمی انصاف کے اداروں کے لیے ایک بہت بڑا امتحان ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کو ان کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا بنیادی حقِ خودارادیت اور فوری انصاف فراہم کیا جائے ۔گورنرنے فلسطین کی صورتحال پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments