نکاسی آب کے انتظامات یقینی بنائے جائیں، ثروت قادری

 نکاسی آب کے انتظامات یقینی بنائے جائیں، ثروت قادری

مون سون سے قبل نمائشی اقدامات اورفوٹو سیشن سے شہر پھر مفلوج ہوگا تمام ذمہ داری سندھ اور شہری حکومت پر عائد ہوگی، چیئرمین سنی تحریک

کراچی(این این آئی)پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین انجینئر ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کی آمد سے قبل کراچی کے برساتی نالوں کی مکمل صفائی، سیوریج کے بوسیدہ نظام کی بحالی،غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے اور نکاسی آب کے موثر انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ،اگر متعلقہ اداروں نے حسب روایت صرف نمائشی اقدامات اور فوٹو سیشن تک خود کو محدود رکھا تو معمول کی بارش بھی ایک مرتبہ پھر شہر کو مفلوج کر دے گی جس کی تمام تر ذمہ داری سندھ حکومت اور شہری حکومت پر عائد ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام ہر سال ایک ہی اذیت ناک صورتحال کا سامنا کرتے ہیں۔ اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں اور نکاسی آب کے نام پر خطیر فنڈز خرچ کرنے کے دعوے تو کیے جاتے ہیں، لیکن پہلی ہی بارش ان تمام دعووں کی حقیقت قوم کے سامنے آشکار کر دیتی ہے۔

سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتی ہیں،سیوریج کا گندا پانی گھروں، بازاروں اور مساجد تک پہنچ جاتا ہے ، ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے اور شہری گھنٹوں سڑکوں پر محصور رہتے ہیں۔ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ سندھ حکومت اور شہری حکومت کو صرف بیانات اور اجلاسوں تک محدود رہنے کے بجائے عملی اقدامات کرنا ہوں گے ۔تمام برساتی نالوں کی فوری صفائی،بند سیوریج لائنوں کی بحالی، پمپنگ اسٹیشنز کو مکمل فعال کرنے ،نشیبی علاقوں میں ہنگامی مشینری تعینات کرنے اور بارش سے قبل جامع سروے مکمل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...