ترقیوں میں تاخیر، اساتذہ کا 11اگست کو دھرنے کا اعلان
گریڈ 18، 19اور 20کی سینکڑوں خالی اسامیوں پر فوری ترقی دی جائے14برس گزرنے کے باوجود لیکچررز کو ترقی نہیں دی گئی ہے ،سپلا رہنما
کراچی (این این آئی)سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن (سپلا)کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی نے اساتذہ کی ترقیوں میں مسلسل تاخیر پر شدید احتجاج کرتے ہوئے 11 اگست کو وزیراعلیٰ ہاؤس یا سندھ سیکریٹریٹ کے سامنے دھرنے کا اعلان کر دیا۔مرکزی صدر پروفیسر منور عباس کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کراچی، حیدرآباد اور سکھر ریجنز کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ میں گریڈ 18، 19 اور 20 کی سینکڑوں اسامیاں خالی ہونے کے باوجود ترقیوں کا عمل تعطل کا شکار ہے ۔سپلا رہنماؤں کے مطابق لیکچررز کو 14 برس گزرنے کے باوجود اگلے گریڈ میں ترقی نہیں دی گئی جبکہ 14 جولائی کو ہونے والی ڈی پی سی کے فیصلوں پر بھی عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ سینیارٹی لسٹوں اور دیگر انتظامی وجوہات کو جواز بنا کر ترقیوں کا عمل مسلسل مؤخر کیا جا رہا ہے ،پہلے مرحلے میں سپلا کا اعلی سطح وفد سیکریٹری کالجز اور دیگر متعلقہ حکام سے مذاکرات کر کے مسئلے کے حل کی آخری کوشش کرے گا۔ مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں 3 اگست کو کراچی، 5 اگست کو حیدرآباد اور 6 اگست کو سکھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے جبکہ اس دوران اساتذہ بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر تدریسی فرائض انجام دیں گے ،اگر تمام تر کوششوں کے باوجود ترقیوں کا عمل بحال نہ کیا گیا تو 11 اگست کو سندھ بھر کے کالج اساتذہ وزیراعلی ہاؤس یا سندھ سیکریٹریٹ کے سامنے احتجاجی دھرنا دیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments