سانگھڑ:پولیس اہلکاروں کا تھیلسیمیا بچوں کیلئے خون کا عطیہ
ایس ایس پی آفس میں کیمپ لگایا گیا، اہلکاروں نے بڑھ چڑھ کرحصہ لیا
سانگھڑ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)سانگھڑ پولیس نے انسانیت کی خدمت کی ایک خوبصورت مثال قائم کردی، ایس ایس پی آفس میں تھیلیسیمیا پیشنٹس ویلفیئر سوسائٹی نوابشاہ کے زیرِ اہتمام اور ایس ایس پی سانگھڑ شاہنواز چاچڑ کی خصوصی ہدایت پر تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کے لیے ایک روزہ بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا، کیمپ میں پولیس کے افسران اور جوانوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے بڑی تعداد میں خون کا عطیہ دیا تاکہ تھیلیسیمیا کے شکار بچوں کی جانیں بچانے میں اپنا کردار ادا کیا جاسکے ، اس موقع پر پولیس کے جوانوں کا کہنا تھا کہ تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کو باقاعدگی سے خون کی ضرورت ہوتی ہے اور معاشرے کے ہر فرد کو اس نیک مقصد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے ، انہوں نے کہا کہ خون کا عطیہ دینا نہ صرف ایک انسانی فریضہ بلکہ ایک عظیم عبادت بھی ہے۔
ایس ایس پی سانگھڑ شاہنواز چاچڑ نے کہا کہ سندھ پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ سماجی اور فلاحی سرگرمیوں میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے ، انہوں نے پولیس جوانوں کے جذبۂ خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے انسانیت کی خدمت اور معاشرتی ذمہ داری کا احساس مزید مضبوط ہوتا ہے ، بلڈ ڈونیشن کیمپ کے انعقاد پر تھیلیسیمیا پیشنٹس ویلفیئر سوسائٹی نوابشاہ کے نمائندوں نے سانگھڑ پولیس، بالخصوص ایس ایس پی شاہنواز چاچڑ اور خون عطیہ کرنے والے تمام پولیس اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے فلاحی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments