8شہریوں کی بازیابی کی درخواستیں عدم پیروی پر خارج
بازیابی سے متعلق درخواستیں دائر کرکے پیروی نہ کرنے پر عدالت برہم لاپتہ شہری کمال خان کی بازیابی سے متعلق متعلقہ حکام سے رپورٹس طلب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستیں دائر کرکے پیروی نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے 8 لاپتہ شہریوں کی بازیابی کی درخواستیں عدم پیروی پر خارج کردیں۔ عدالت نے منگھوپیر سے لاپتہ کمال خان اور سرجانی سے لاپتہ محمد یوسف کی بازیابی سے متعلق رپورٹس طلب کرلیں۔ آئینی بینچ کے روبرو لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے درخواست گزاروں کی جانب سے مقدمات کی پیروی نہ کیے جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستیں دائر کرکے ان کی پیروی نہیں کی جارہی۔ عدالت نے اتحاد ٹاؤن سے لاپتہ شہری سکندر کی بازیابی سے متعلق درخواست عدم پیروی پر خارج کردی۔
سچل سے لاپتہ چار شہریوں شاہنواز، ابراہیم علی، نہمداد علی اور یوسف علی کی بازیابی کی درخواستیں بھی عدم پیروی پر خارج کردی گئیں۔ عدالت نے کورنگی انڈسٹریل ایریا سے لاپتہ شمس کی بازیابی کی درخواست بھی عدم پیروی پر خارج کردی۔ عدالت کے مطابق مذکورہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستیں 2026 کے اوائل میں دائر کی گئی تھیں، تاہم درخواست گزاروں کی جانب سے بعد ازاں مقدمات کی پیروی نہیں کی گئی۔ عدالت نے منگھوپیر سے لاپتہ شہری کمال خان کی بازیابی سے متعلق متعلقہ حکام سے رپورٹس طلب کرلیں، جبکہ لاپتہ محمد یوسف کی بازیابی سے متعلق پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments