گھارو اولڈ پمپ ہاؤس کی اپ گریڈیشن کل سے شروع

گھارو اولڈ پمپ ہاؤس کی اپ گریڈیشن کل سے شروع

ابراہیم حیدری، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی میں فراہمی عارضی متاثر ہوگی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی جانب سے گھارو اولڈ پمپ ہاؤس کی اپ گریڈیشن کے اہم مرحلے کے تحت پیر (کل) صبح 10 بجے سے 5 اگست صبح 10 بجے تک 48 گھنٹوں کے دوران مختلف تکنیکی کام انجام دیے جائیں گے ۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق اس دوران نئے موٹرز، پمپس، جدید سوئچ گیئرز کی تنصیب اور انرجائزیشن، ایک ہزار کے وی اے ٹرانسفارمر کی منتقلی، کیبل بچھانے اور نئے سوئچنگ سسٹم کو فعال کرنے کا عمل مکمل کیا جائے گا۔  ترجمان نے بتایا کہ اپ گریڈیشن کے دوران گھارو نیو پمپ ہاؤس معمول کے مطابق فعال رہے گا اور وہاں سے پانی کی پمپنگ بلا تعطل جاری رکھی جائے گی۔

تاہم تکنیکی کاموں کے باعث گھارو اولڈ پمپ ہاؤس سے عارضی طور پر تقریباً 25 ملین گیلن پانی کی کمی متوقع ہے جبکہ شہر کو 625 ملین گیلن پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے گی۔ واضح رہے کہ اپ گریڈیشن کے دوران پانی کی فراہمی پر محدود اثر پڑے گا۔ اس عارضی کمی کے باعث ابراہیم حیدری، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، پی اے ایف بیس اور کارساز کے بعض علاقوں میں پانی کی فراہمی عارضی طور پر متاثر ہوگی۔ سی ای او احمد علی صدیقی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ تمام تکنیکی کام مقررہ مدت میں اور کم سے کم وقت میں مکمل کیے جائیں ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...