کورنگی میں تجاوزات،شہری کا کمشنر ودیگر کوقانونی نوٹس
شاہراہیں تجاوزات سے پاک رکھنا ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی اداروں کی ذمہ داریمتعلقہ اداروں کی جانب سے موثر کارروائی نہ کرنا بدانتظامی کے مترادف،نبیل خلیل
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کورنگی کراسنگ میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کے معاملے پر شہری نبیل خلیل نے کمشنر کراچی، ڈپٹی کمشنر کورنگی، انسپکٹر جنرل پولیس سندھ، ڈی آئی جی ٹریفک کراچی، ایس ایس پی کورنگی، ایس ایس پی ٹریفک کورنگی، کراچی میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ بلدیاتی حکام کو قانونی نوٹس ارسال کردیا ہے ۔ شہری کی جانب سے ایڈووکیٹ جہانزیب خلیل کے ذریعے بھیجے گئے قانونی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کورنگی کراسنگ کراچی کی مصروف ترین شاہراہوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے روزانہ ہزاروں شہری، نجی و سرکاری گاڑیاں اور تجارتی ٹرانسپورٹ گزرتی ہے ، تاہم سڑکوں پر غیرقانونی ٹھیلوں، رکشوں، اسٹالز اور فٹ پاتھوں پر قبضوں کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہورہی ہے۔
قانونی نوٹس کے مطابق تجاوزات کی وجہ سے روزانہ ٹریفک جام معمول بن چکا ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات، وقت کے ضیاع اور سفری پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو کسی بھی صورت تجارتی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جاسکتا اور شاہراہوں کو تجاوزات سے پاک رکھنا ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی اداروں اور ٹریفک پولیس کی قانونی ذمہ داری ہے ۔ ایڈووکیٹ جہانزیب خلیل نے مؤقف اختیار کیا کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے مؤثر کارروائی نہ کرنا بدانتظامی کے مترادف ہے ۔قانونی نوٹس میں متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ نوٹس کی وصولی کے سات روز کے اندر مؤثر کارروائی کی جائے ، بصورت دیگر مقررہ مدت میں عملدرآمد نہ ہونے پر مجاز عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments