سندھ حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام، ایم کیو ایم

 سندھ حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام، ایم کیو ایم

سنگین جرائم میں مسلسل اضافہ ہو رہا، شہری شدید خوف و ہراس کا شکارمیر رضا کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتارکیاجائے ،اراکینِ اسمبلی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے مبینہ طور پر اغوا کے بعد نوجوان میر رضا علی کے بہیمانہ قتل کے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سانحہ سندھ حکومت، بالخصوص پاکستان پیپلز پارٹی کی امن و امان برقرار رکھنے میں ناکامی کا ایک اور ثبوت ہے ۔اراکینِ اسمبلی نے کہا کہ کراچی میں آئے روز اغوا، موبائل اسنیچنگ، ڈکیتی کے دوران قتل اور دیگر سنگین جرائم میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث شہری شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں،عوام اپنی جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے شدید عدم تحفظ محسوس کر رہے ہیں جبکہ سندھ حکومت شہریوں کو بنیادی تحفظ فراہم کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔

اراکینِ اسمبلی نے مزید کہا کہ کہ کراچی میں بڑھتے ہوئے جرائم، اغوا برائے تاوان، اسٹریٹ کرائم اور قتل کی وارداتوں کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر حکمتِ عملی اختیار کی جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین اسمبلی نے حکومت سندھ اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ میر رضا علی کے اغوا اور قتل میں ملوث تمام ملزمان اور سہولت کاروں کو فی الفور گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے ، متاثرہ خاندان کو فوری انصاف فراہم کیا جائے اور اس کیس کی شفاف و غیرجانبدار تحقیقات یقینی بنائی جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...